لندن (آئی این پی) پاکستان نے لارڈز میں انگلینڈکو نو وکٹوں سے ہراکر جہاں تعریفیں پائیں ،وہیں پوری ٹیم کو جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا جو انہیں سلو اوورریٹ کے سبب ہوا، کپتان سرفراز احمد کو میچ فیس کا 60فیصد جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 30,30 فیصد جرمانہ کیا گیا۔آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے آن فیلڈ امپائرز پال رائفل، راڈ ٹکر اور فورتھ امپائر روب بیلی کی جانب سے سرفراز الیون پر مقررہ وقت میں 3اوورز کم کروانے پر جرمانہ کی سزا سنائی، آئی سی سی قوانین کے مطابق سلو اوور ریٹ پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی اوور 10,10 فیصد جبکہ کپتان کو ڈبل جرمانہ کیا جاتا ہے۔میچ ریفری جیف کرو نے حیران کن طورپرتمام پاکستانی کھلاڑیوں کو معمول سے بیس فیصد زائد جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ کپتان سرفرازاحمد کو نسبتا چالیس گنا زائد جرمانہ دینا پڑے گا۔ دوسری جانب سرفراز احمد نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کر لیاہے۔اس جرمانے کے ساتھ ساتھ اب پاکستانی کپتان سرفرازاحمدکو ایک میچ کی معطلی کی تلوار بھی لٹکنے لگی ہے۔اگر پاکستان ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں 12 ماہ کے دوران دوبارہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب قرار پائی تو کپتان کو ایک میچ میں معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جو ان کی لارڈزمیں ریکارڈ پانچویں فتح تھی۔سیریز کا دوسرا اور آخری میچ دوجون سے ہیڈنگلے (لیڈز)میں شروع ہوگا۔
