سیالکوٹ(بیورورپورٹ)بھارتی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے لگے ۔ ضلعی حکومت متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفو ظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے کوئی بھی سہولت فراہم نہ کر سکی ۔ عوام میں انتظامیہ کی بے حسی پر تشویش کی لہر دوڑ اٹھی ۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سکیورٹی فورسز گزشتہ کئی روز سے وقفہ وقفہ کے ساتھ لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں چپراڑ سیکٹر ، بجوات سیکٹر ، سجیت گڑھ سیکٹر اور معراجکے سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے ۔ لائن آف کنٹرو ل کے قریب واقعہ دیہات جن میں نند پور ، پھوکلیان ، صالح پور ،چپراڑ ، رنگپور ، سرگپور اور دیگر علاقوں میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے براہ راست فائرنگ اور گولہ باری کی جاتی ہے ۔ ان علاقوں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت مذکورہ علاقوں سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو سکیورٹی بھی فراہم نہ کر سکی ہے ۔ ہر خاندان کا ایک فرد اپنے ما ل و مویشیوں کی حفاظت کے لئے مذکورہ دیہات میں موجود ہے اگر انتظامیہ نقل مکانی کرنے والے افراد کو سکیورٹی فراہم کرے تو تمام اہل خانہ اطمینان کے ساتھ نقل مکان کر سکیں۔نقل مکانی کرنے والے لوگوں کے خالی گھروں میں چور اور جرائم پیشہ عناصر وارداتیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انتظامیہ مذکورہ علاقوں کے متاثرہ عوام کی فلاح و بہبود اور نقل و حرکت کے لئے کوئی اقدانات نہ کر سکی ہے جس کی وجہ سے مکینوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔