نیو یارک(ویب ڈیسک) اگر آپ کسی خاتون کو بھاری سامان اٹھائے دیکھیں، یا اسی نوعیت کے کسی اور مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کرتے دیکھیں، تو آگے بڑھ کر اُسے مدد کی پیشکش کریں گے یا یہ سوچیں گے کہ ہر کسی کو اپنا بوجھ خود اٹھانا چاہیے؟ یہ سوال معمولی نوعیت کا نہیں ہے کیونکہ سوشل سائیکالوجسٹ کہتے ہیں کہ اس کا تعلق بڑی حد تک اس بات سے ہے کہ خواتین آپ کو پسند کرتی ہیں یا نہیں۔یہ بحث پہلے بھی کی جاتی رہی ہے کہ اگر کوئی مرد کسی خاتون کو اپنی مدد کی پیش کش کرتا ہے تو خاتون اس کا کیا مطلب لیتی ہے۔ کیا وہ سمجھتی ہے کہ یہ ایک مخلصانہ پیش کش ہے، یا وہ سمجھتی ہے کہ ایسے مرد خواتین کو کمزور جانتے ہوئے اپنی برتری ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ سوشل سائکالوجسٹ مردوں کے اس رویے کو ”مشفقانہ جنس پرستی“ کہتے ہیں اور اس کے بارے میں عمومی طور پر منفی رائے رکھتے رہے ہیں۔دوسری جانب ایک حالیہ تحقیق میں یہ دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین ”مشفقانہ جنس پرستی“ کے رویے کا مظاہرہ کرنے والے مردوں میں زیادہ دلچسپی محسوس کرتی ہیں۔ اس تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ خواتین کو مشکل کام میں مدد کی پیش کش کرنا ، ان کیلئے بھاری سامان اُٹھانا ، گاڑی کا دروازہ کھولنا اور دیگر ایسے عمل، در اصل ان کے ذہن میں مرد کا اچھا تاثر قائم کرتے ہیں اور وہ ایسے مردوں کو دیرپا تعلق کے لئے زیادہ موزوں خیال کرتی ہیں۔ وہ لاشعوری طور پر ایسے مردوں کو خیال رکھنے والے اور حفاظت کرنے والے سمجھتی ہیں، جواُن کے لئے اوراُن کے بچوں کے لئے ایک اچھے مستقبل کے ضامن ہو سکتے ہیں۔ اس تحقیق میں 700سے زائد خواتین شامل تھیں جن کی عمریں 18سے 73 سال کے درمیان تھیں۔