لاہور (ویب ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف نے سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ون آن ون ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو عام انتخابات کے بعد سے پیپلز پارٹی کے کردار پر تحفظات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف آصف زرداری سے ون آن ون ملاقات سے گریزاں ہیں تاہم جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے نواز شریف کو آصف زرداری سے ملاقات کے لیے قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج یا کل نواز شریف سے ملاقات کر کے اس حوالے سے مزید کوشش کریں گے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ اگر نواز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات کی تو وہ اے پی سی میں ہی ہو گی اور نواز شریف پیپلز پارٹی سے تعاون پر مولانا فضل الرحمان سے ضمانت مانگیں گے۔خیال رہے کہ چند روز قبل آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنماو¿ں نے اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کی تاریخ کا اعلان نواز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
