اسلام آباد(ویب ڈیسک)پولیس ٹیم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے لے کر اسلام آباد پہنچ گئی جہاں وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔لاہور کی نیب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈر منظور کیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم انہیں بذریعہ موٹروے اسلام آباد لے کر پہنچی۔اسپیکر اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے اور وہ آج شروع ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے موجودہ سیشن کے دوران منسٹر انکلیو میں اپنی رہائش گاہ پر رہیں گے جسے سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ لاہور کی نیب عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاو¿سنگ اسکینڈل میں نیب کے زیر تفتیش ہیں اور عدالت نے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمارنڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج رکھا ہے۔