لاہور(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر شہباز شریف ایماندار ہیں تو پھر مسلم لیگ (ن) میں کوئی کرپٹ نہیں ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے حکومتی فیصلے پر کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ تمام چور، ڈاکو اور کرپٹ لوگ جیلوں میں چلے جائیں، اگر ایسا نہیں ہوتا تو وہ کیا کریں، دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھانے سے ہمیں کوئی پزیرائی نہیں ملی، اگر شہباز شریف دیانتدار ہیں تو پھر مسلم لیگ (ن) میں کوئی کرپٹ نہیں۔ مارچ کے آخر تک جھاڑو پھر جائے گا پھر صرف اللہ کا نام ہی رہے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے مشکل کام وزارت اطلاعات چلانا، مجھے اس کا اندازہ ہے کیونکہ میں 4 مرتبہ اس کا وزیر رہا ہوں۔ خواجہ سعد رفیق کے والد کا مرتے دم تک احترام کروں گا یہ بڑے باپ کے چھوٹے بیٹے ہیں، ہمارا تو کسی نے پروڈکشن آرڈر نہیں کیا، میری ماں کا جنازہ تھا اور مجھے کلاشنکوف کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کا محکمہ عوام کی امیدوں پر پورا اترے گا،شدید دھند میں راولپنڈی سےلاہورٹرین چلانےکامنصوبہ ہے، اس کے لیے کنٹرول ہیڈروم کو جدید بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، ہم اپنے پٹرول پمپ بنا کر ایک ارب روپے بچانے کی کوشش کریں گے، اس کے لیے ہم نے 25 کروڑ کے ایندھن کو محفوظ کرلیا ہے،ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کریں گے، رحمان بابا ایکسپریس 23 دسمبر کو پشاور سے کراچی کے لئے روانہ ہوگی۔