لاہور(ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کرپشن کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا۔لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال کا ضمنی ریفرنس دائر کردیا گیا، جس میں شہباز شریف، احد چیمہ سمیت 13 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان میں ندیم ضیا، کامران کیانی، شاہد شفیق، بلال قدوائی، منیر ضیا، خالد حسین، علی ساجد، چوہدری شفیق، امتیاز حیدر، شاہد شفیق عالم اور چوہدری شاہد شامل ہیں۔ضمنی ریفرنس میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے مارچ اور اکتوبر 2014 میں غیر قانونی احکامات جاری کیے، مارچ میں انہوں نے آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا دورہ کیا اور غیر قانونی حکم دیتے ہوئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی(پی ایل ڈی سی) کی بولی کا عمل روکنے کا حکم دیا، انہوں نے منصوبہ دوسری کمپنی کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ پی ایل ڈی سی دسمبر 2013 سے منصوبے کو چلا رہی تھی، شہباز شریف نے ازخود فیصلہ کیا کہ منصوبے کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ماڈل میں منتقل کردیا جائے۔