اسلام آباد (ملک منظور احمد) اسلام آباد میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کو تاریخ کی بڑی غیرملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑا سرپرائز دیں گے۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس دورہ سے ایک واضح پیغام دیا جائے گا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیں گے‘ دونوں ممالک کے درمیان دس سے زائد معاہدوں پر دستخظ کئے جائیں گے‘ 15 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاک سعودی تعلقات کے حوالے منعقدہ تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے‘ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اس وقت اقتصادی معاشی تجارتی سیاسی اور سفارتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں سعودی عرب نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے سعودی عرب پاکستان کی اقتصادی اور معاشی مدد جاری رکھے گا‘ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پا کستان کی کوششیں اور قربانیاں لازوال ہیں۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی قیادت اور سعودی عوام پاکستان کے عوام کے ساتھ گہرا لگاﺅ رکھتے ہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں ریکارڈ اضافہ کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد کے ساتھ سعودی عرب کی کاروباری شخصیات بھی پاکستان آرہی ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستانی تیس لاکھ سے زائد پا کستانی رہائش پذیر ہیں۔ سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر دونوں ممالک کے مو¿قف میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ پاکستان امت مسلمہ کا ایک اہم ملک ہے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔ ان کی پاکستان آمد پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا جائے گا ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سعودی عرب گوادر کے مقام پر آئل سٹی قائم کرے گا اس منصوبے سے پا کستان کو بہت فائدہ ہوگا۔ سعودی ولی عہد کے 2 روزہ دورے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ ایل این جی کے 2 بجلی گھر بھی سعودی عرب کو دینے پر بات چیت شیڈول میں شامل ہے، معزز مہمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ ادھار تیل کے معاملات طے پاچکے ہیں، ولی عہد کے دورہ کے دوران معاہدے پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب 3 ارب ڈالر کا تیل 3 سال تک فراہم کرے گا، ایل این جی کے 2 بجلی گھر سعودی عرب کو دینے پر بھی بات چیت ہوگی، جن میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، سعودی عرب گوادر آئل ریفائنری میں 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، ان کی آمد سے قبل ہی محمد بن سلمان کے وفد کے ارکان پاکستان پہنچنے لگے ہیں، ان میں ایڈوانس سکیورٹی ٹیم، ڈاکٹرز اور کوریج کرنے والے سعودی میڈیا کی ٹیمیں شامل ہیں، ایڈوانس سکیورٹی ٹیم نے مختلف مقامات کا جائزہ بھی لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم ہاﺅس میں قیام کریں گے جبکہ سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کرے گا۔ جس کے لیے اسلام آباد کے 2 بڑے نجی ہوٹل مکمل اور 2 ہوٹل جزوی طور پر بک کر لئے گئے۔ محمد بن سلمان کی ورزش کے سامان، فرنیچر اور ضروری اشیا سے بھرے 5 ٹرک بھی پہنچ گئے ہیں۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایک بڑا وفد آئے گا۔ دورہ پاکستان کے دوران سعودی ولی عہد، وزیر اعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی ولی عہد کے ساتھ آنے والے وفود کے لئے اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹل مکمل طور پر بک کروا لئے گئے ہیں جبکہ دو ہوٹل جزوی طور پر بک کروائے گئے ہیں۔ جبکہ سعودی ولی عہد خود وزیر اعظم ہاﺅس میں قیام کریں گے۔ سعودی ولی عہد کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفود بھی پاکستان آرہے ہیں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے‘ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کے ہمراہ آنے والے وفود کی سکیورٹی کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ وزارت داخلہ‘ وزارت خارجہ تمام سکیورٹی امور کو دیکھ رہے ہیں۔