لاہور(صدف نعیم سے)جذبہ ابراہیمی علیہ السلام کے ذریعہ ہی ہم دشمن کو شکست فاش دے سکتے ہیں۔مظلوم کشمیری بھائیوں اور مادرِوطن کیلئے عظیم قربانی دینے والے پاک فوج کے جوانوں، افسروں اور دیگر پاکستانیوں کو اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے کہا ہے کہ جذبہ ابراہیمی علیہ السلام کے ذریعہ ہی ہم دشمن کو شکست فاش دے سکتے ہیں، آج عید مناتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ اپنے کشمیری بھائیوں اور مادرِوطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں، افسروں اور شہریوں کو اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں اور غریبوں، مسکینوں، بیواو¿ں اور یتیموں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ مسلم لیگی قائدین نے اپنے پیغامات عید میں مزید کہا کہ ہم آج ان حالات میں عید منا رہے ہیں کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل خانہ میں تبدیل کر رکھا ہے، انہیں نماز تک ادا کرنے کیلئے گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں اور مودی حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے والوں کے سینے گولیوں سے چھلنی کیے جا رہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ اپنے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر جہاں کشمیریوں کی مدد کیلئے متحد ہو جائیں وہاں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی و جماعتی مفادات کو چھوڑ کر قومی مفادات کیلئے آگے بڑھیں اور ان مقاصد کے حصول کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کریں، ہماری اولین ترجیح پاکستان اور مسلم امہ ہونی چاہئے کیونکہ عید الاضحی ہمیں اپنے ایمان اور ملک و ملت کیلئے سب کچھ قربان کر دینے کا درس دیتی ہے اور اس درس پر عمل کر کے ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں اور پاکستان کو ناقابل تسخیر اسلامی فلاحی مملکت بنا سکتے ہیں۔