اسلام آباد (ویب ڈیسک) : جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے کی گئی گفتگو کے دوران دعویٰ کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر پورا یقین ہے کہ معاملہ ٹھیک ہو جائے گا ، ملاقاتیں ہو رہی ہیں جبکہ فضل الرحمان اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈنڈوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور پورا یقین ہے معاملات سیٹل ہو جائیں گے تاہم جوڈو کراٹے اور بنکاک شعلے نہیں دیکھ رہا بلکہ سب اچھا دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 23 سے 26 تاریخ کو اس پر اپنی رائے دوں گا اور شہباز شریف بھی وکٹ کے دونوں طرف نظر آتے ہیں انہیں کہا ہے کہ ایک طرف کھیلیں، یا آسمان پر رہیں یا پھر اپنے قدم زمین پر رکھ لیں۔شیخ رشید نے کہا کہ بلاول مولویوں سے ڈرا ہوا ہے اور اسے پتہ ہے یہ دھرنا دیں گے تاہم اسلام آباد میں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ مانگ رہے ہیں ، ہو سکتا ہے کہ کوئی درمیانی راستہ نکل آئے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کو فیس سیونگ دی جا سکتی ہے۔ ہماری غلطی ہے ہم نے انہیں بہت زیادہ لفٹ کروائی ہے اور کابینہ میں بھی کہا کہ ہماری میڈیا پالیسی مناسب نہیں اور ہم خوامخواہ انہیں لفٹ کروا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں سب اچھے کی دھنیں بج رہی ہیں، کوئی نہ سمجھے کہ وہاں خوف ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ سب دنیا میں اسلامی قوتوں کو بدنام کرنے کی سازش ہے جبکہ مدرسے اسلام کا قلعہ ہیں اور علماء قابل احترام ہیں اور بعض بے وقوف طاقتیں فضل الرحمان کی دہشتگردی کی حیثیت سے تصویر پیش کر رہی ہیں جو غلط ہے۔ مولانا ایک دو فعہ خود دہشتگردی کی نذر ہونے سے بچے ہیں۔