تازہ تر ین

‘دنیا کو بتا دیا احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ مزید نہیں چل سکے گا’، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد (ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکا نے دنیا کو بتا دیا کہ احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ مزید نہیں چل سکے گا۔اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ‘ہمیں سنجیدگی سے آنے والے مستقبل پر نظر رکھنی چاہیے، کئی روز سے آزادی مارچ اسلام آباد میں براجمان ہے اور مطالبات کے تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔’انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے آزادی مارچ پر اعتراض کرنے والوں کو 2014 میں ڈی چوک پر دھرنے پر اعتراض کیوں نہیں تھا، ہم پر کیوں اعتراض کیا جارہا ہے، عوام کے مطالبے کو ماننا پڑے گا اور ہم نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے۔’ان کا کہنا تھا کہ 126 دن کے دھرنے کی تصویر دنیا کے لیے بڑی دلکش تھی، تم نے مذہبی دنیا سے متعلق غلط تصویر دنیا کے سامنے رکھی تھی جبکہ آج بھی ڈی چوک پر دھرنے کی بدبو محسوس کی جاتی ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے کہ آپ نے سیاسی جمود کو توڑا اور دنیا کو بتا دیا احتساب کے نام پر انتقام کا ڈرامہ مزید نہیں چل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ایران ہمارے مقابلے میں بھارت کو اہمیت دے رہا ہے، موجودہ حکومت نے چین کی سرمایہ کاری کو غارت کر دیا اور اس کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جبکہ افغانستان کے ساتھ بھی اعتماد قائم نہیں رکھ سکے۔ان کا کہنا تھا کہ آج فیکٹریاں، ملیں، یونٹس بند ہو رہے ہیں، لاکھوں مزدور بےروزگار ہو رہے ہیں، پیداواری ادارے بند ہونے سے مارکیٹ میں اشیا ناپید، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، پیٹرول بھی مہنگا کر دیا گیا ہے۔سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ تمام دفاتر اور بیوروکریسی جمود کا شکار ہوگئی ہے، پاکستان کا ایک ایک دن انحطاط کی طرف بڑھا ہے اور جتنا وقت اس حکومت کو ملے گا روز کی بنیاد پر نیچے جاتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب ان کی حکومت آئی تو ترقی کی شرح آدھی رہ گئی، پہلی بار پاکستان میں ایک سال میں 3 بجٹ پیش کیے گئے، پہلی بار اسٹیٹ بینک نے بیان جاری کیا کہ وہ 1 ارب روپے کے خسارے میں چلا گیا، ہمارا منشور صوبائی خود مختاری کی بات کرتا ہے، لوگوں کو توقع نہیں تھی کہ مذہبی جماعت کا منشور اتنا ترقی پسند ہوگا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain