راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو کامیابی سے شکست دے دی ہے تاہم اب کامیابیوں کو مستحکم بنانا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹک کے قریب بہادر رینجرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک اردن مشترکہ فوجی مشقوں فجر الشرق ون کا معائنہ کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار ہے، پاکستان نے دہشت گردی کو کامیابی سے شکست دے دی ہے تاہم اب کامیابیوں کو مستحکم بنانا ہے جب کہ اب جنگ کی نوعیت تبدیل ہوچکی ہے اور براہ راست لڑائی کو فوقیت نہیں دی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ہماری کامیابیوں کو مثال کے طور پر لیا جاتا ہے جب کہ مشترکہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا ذریعہ ہیں۔