وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ سے پنجاب کے طوفانی دوروں کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے تینوں شہروں کیلئے یونیورسٹیوں کے قیام اور 25 ارب روپے کے نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 8 ارب 41 کروڑ کے نئے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 4 ارب 26 کروڑ روپے کی لاگت سے مزید نئے منصوبے شروع کریں گے جن میں عالم چوک پر فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ سرفہرست ہے جبکہ گوجرانوالہ کی اندرونی اور بیرونی رابطہ سڑکوں کے بڑے منصوبے بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں برن یونٹ سمیت 14 مزید پراجیکٹ بھی شروع کئے جائیں گے، جن پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 92 کروڑ روپے ہے جبکہ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ اس میں پنجاب یونیورسٹی کا سب کیمپس اور یو ای ٹی کے دونوں کیمپس بھی شامل ہوں گے۔
سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ کیلئے 10 ارب سے زائد کے ترقیاتی پکیج اور وارث شاہ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ دورہ کے دوران عوامی شکایات پر تحصیلدار مرید کے اور ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
انہوں نے شیخوپورہ پہنچنے پر ایک ارب 27 کروڑ روپے کے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمپلیکس، مرید کے ٹراما سنٹر، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ریجنل آفس، نیشنل ماڈل سکول تا فیصل آباد روڈ شرقپور چوک دو رویہ سڑک شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شیخوپورہ کیلئے 41 کروڑ کی فراہمی و نکاسی آب میگا پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کیلئے 7 ارب 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور یونیورسٹی آف حافظ آباد کیلئے اراضی منتقل کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد کیلئے ترقیاتی پیکج اراکین اسمبلی کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ حافظ آباد سمیت ہر شہر کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ اضلاع کے دوروں کا آغاز شیخوپورہ، حافظ آباد اورگوجرانوالہ سے کر رہا ہوں۔ عوامی نمائندوں کے مشورے اور تجاویز قابل قدر ہے۔ اضلاع کے دوروں کا مقصد عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تیز ترین پیش رفت کرنا ہے۔