اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے دو سال قبل آج ہی کے روز 13 نومبر 2019کو حکومت کے خلاف اپنا دھرنا ناکامی کے بعد ختم کیا تھا، ان کے پلان اے، بی سی ناکام ہوگئے تھے، جو بیانات اب دے رہے ہیں، اسی قسم کے بیانات اس وقت بھی انہوں نے دیئے، ان سیاسی بے روزگاروں کے پلے کچھ نہیں رہا، یہ صرف نعرے لگا سکتے ہیں۔ ہفتہ کو اپنے مولانا فضل الرحمان کے پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن وارم اپ ہوتے ہوئے مزید چھ ماہ لے گی،دھرنے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمن پہلی بار اسلام آباد آئے تھے،شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں،ٹی ایل پی سے معاہدہ طے پا گیا ہے،وزارت داخلہ کا معاہدے میں کوئی کردار نہیں، موجودہ حکومت کے لئے سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے،عمران خان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،عمران خان پانچ سال پورے کرینگے۔ ہفتہ کو ایف نائن پارک میں ٹریفک پولیس کی طرف سے شروع کئے گئے دو روزہ فیملی گالہ کے افتتاح کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس،افسران اور جوانوں کو گالہ کے انعقاد پر مبارک دیتا ہوں،پولیس پر بہت ذمہ داریاں ہیں۔