ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکن شہری کا حادثہ بہت افسوسناک ہے، 50 افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، واقعہ میں ملوث افرادکےخلاف کارروائی ہو گی۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں سری لنکن منیجر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان علما کونسل سری لنکن منیجرکے قتل کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ مجرمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سری لنکن منیجرپر حملہ کرنے والوں نے اس قانون کی بھی توہین کی ہے۔ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجرکو قتل کرنے والوں کا عمل غیراسلامی اور غیرانسانی ہے۔
قبل ازیں سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین نے غیر ملکی منیجر کو تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا ،واقعہ کے بعد وزیراعلٰی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیاتھا ۔
پولیس کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا ۔ ملازمین نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر بلاک کردی، پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کے بعد وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی تھی۔