مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نیہاد امین برغوطی شہید ہوگیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے نوجوان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہر راماللہ کے علاقے نبی صالح میں فلسطینیوں کی جانب سے مظاہرہ جاری تھا جس پر اسرائیلی فورسز نے اُن پر فائر کھول دیئے اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
فلسطینیوں کے مظاہرے میں نیہاد بھی شامل تھا جو اہلکاروں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی اہلکاروں نے نیہاد امین کے پیٹ میں گولیاں ماریں جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نیہاد نے وہیں دم توڑ دیا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل مغربی کنارے میں ہی ایسا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں اسرائیلی اہلکاروں نے آپریشن کی آڑ میں 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔






































