لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے انگلش اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ جیسن روئے نے پی ایس ایل 7 میں 6 میچ کھیلے اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ بلے بازوں میں شامل تھے، اس دوران وہ کوئٹہ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے 50 کی اوسط سے 170 سٹرائیک ریٹ سے 303 رنز بنائے جس میں ایک شاندار سنچری بھی شامل تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جیسن روئے نے آئی پی ایل فرنچائز گجرات ٹائٹنز کے شائقین اور سکواڈ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بھاری دل کے ساتھ میں نے اس سال ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں ٹیم کی انتظامیہ اور خاص طور پر کپتان ہاردیک پانڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے نیلامی میں منتخب کیا۔
جیسن روئے نے مزید لکھا کہ گزشتہ تین سالوں میں جس طرح دنیا میں ہر چیز چل رہی ہے ، میں نے محسوس کیا ہے کہ یہ بالکل صحیح موقع ہے کہ میں اپنا وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزاروں جبکہ اگلے دو ماہ کرکٹ میں بہت مصروف ہونے کے باعث یہ سال بھی مصروف رہے گا۔ میں اپنی ٹیم ٹائٹنز کے ہر میچ کو دیکھوں گا اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو جیت کر اپنی پہلی ٹرافی حاصل کریں۔
انگلش کرکٹر نے سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ سب میرے فیصلے کا احترام کریں گے۔
دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جیسن روئے نے گزشتہ ہفتے آئی پی ایل کی فرنچائز گجرات ٹائٹنز کو اس حوالے سے آگاہ کیا اور ٹورنامنٹ کے طویل مدتی بائیو سکیور ببل کو چیلنجنگ قرار دیا۔
گجرات ٹائٹنز نے جیسن روئے کو ان کی بنیادی قیمت 2 کروڑ بھارتی روپے یعنی266,000 امریکی ڈالر کے لیے سائن کیا تھا۔
گجرات ٹائٹنز نے ابھی تک جیسن روئے کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔