گھوٹکی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی نظام کو ختم کرنا ہوگا۔ملک پر کٹھ پتلی حکومت مسلط، الٹی گنتی شروع ہوچکی، جیالوں کا لشکر اسلام آباد پہنچ کر ان سے حساب لے گا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گھوٹکی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نمائندے عوام کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، ایمپائرکی انگلی سے حکومت بنے تووہ عوام کی طرف نہیں دیکھتی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈگریاں لیکر گھومتے ہیں لیکن روزگار نہیں مل رہا، محنت کے باوجود کسانوں کو اس کا پھل نہیں ملتا، الیکشن میں گھوٹکی کے عوام نے عمران خان کو شکست دی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کٹھ پتلی نے ہر کسی کی زندگی مشکل کردی، تبدیلی کے نام پر تباہی کی صورت میں معاشی بحران آیا، یہ نیا پاکستان نہیں، مہنگا پاکستان ہے۔ مشکل وقت میں آیا تو گھوٹکی کے عوام نے مایوس نہیں کیا، پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ سنایا، عمران خان کوشکست کا سامنا کرنا پڑا، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کو عوام پر مسلط کیا گیا۔