تازہ تر ین

اطلاعات اچھی نہیں، عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہوجائے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے آپریشن پر کہا ہے کہ ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، خدانخواستہ عدم اعتماد سے پہلے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہوجائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ 70 لوگ لے آئے، ان کے لاجز میں کپڑے بدلوائے گئے، ہم نے پانچ گھنٹے مذاکرات کیے کہ ان لوگوں کو ہمارے حوالے کردیں، انصار الاسلام کے لوگ پیچھے بھی آرہے ہیں، نتیجہ آپ بھگتیں گے، کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، باہر سے لوگ آرہے ہیں ہم کوشش کریں گے انہیں روک لیا جائے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید آج رات ہنگامی پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کی ہیں۔
پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشن کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس جے یو آئی کے ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو بھی گرفتار کر کے لے گئی جبکہ 10 سے 12 رضا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان تمام افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے مولانا جمال الدین اور مفتی عبداللہ کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ آغا رفیع اللہ پولیس اہلکار کے ساتھ گتھم گتھا بھی ہوئے۔ پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کی مزید نفری بھی داخل ہوچکی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain