واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے 9.2 فیصد حصص خرید لیے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بلین ائیر ایلون مسک نے ٹوئٹر کے حصص خریدے جن کی تعداد 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد ہے اور ان کی کل مالیت تقریبا 3 ارب ڈالرز ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے حصص خریدنے کی خبر سامنے آنے کے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ممبرشپ کیلئے بھی ایلون مسک کی نامزدگی کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ایلون مسک نے کہا کہ اُن کا مقصد ہوگا کہ ٹویٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر کریں اور اس کی ترقی کا باعث بنیں۔
تاہم اگر ایلون مسک بورڈ کے میمبر بنائے جاتے ہیں تو وہ ٹویٹر کے کُل اسٹاک کے 14.9 فیصد سے زائد کے مالک نہیں بن سکتے قطع نظر اس کے کہ وہ انفرادی شیئر ہولڈر ہوں یا بورڈ کے ممبر ہوں۔
ٹیسلا کمپنی کے مالک ٹوئٹر کے 9.2 فیصد حصص خریدنے کے بعد وہ ٹوئٹر کے سب سے زیادہ حصص رکھنے والے شیئر ہولڈر بن گئے ہیں جبکہ ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈور سی 2.25 فیصد حصص کے مالک ہیں۔
دوسری جانب امریکا کی سیکورٹیرز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے بھی ایلون مسک نے ٹوئٹر شیئرز خریدنے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے کہا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کیلئے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہوں۔