اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے پروگرام ٹی ایٹ فائیو میں میزبان آمنہ ملک کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے سیاست مجھے بچپن سے پسند تھی میں نے بہت انتظار کیا کہ کب میں بڑا ہوں اور کونسلر بنوںگا، میں نے زندگی میں سیاستدان بننے کے علاوہ کچھ نہیںسوچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینل فائیو کے پروگرام ٹی ایٹ فائیوسے گفتگو میںکیا، انہوںنے کہا کہ کالج دور میں ایوب خان پر حملے کے الزام میں مجھے پکڑ لیاگیا، کورٹ سے سزا ہوئی، جس کے بعد کالج سے نکال دیاگیا۔ بعد میں‘ میں نے گورنمٹ کالج سے گریجوایشن کی اور پھر کونسلرکا الیکشن لڑا، شروع سے کافی بہادر تھا، جب بچہ تھا تو قد اتنا نہیں تھا، میں نے چھلانگ لگا کر ایس ایس پی کو تھپڑمارا، پولیس نے پکڑ کر مجھے چھہ سات دن کافی مارا، لیکن ایک دفعہ میری شہر میں دہشت بن گئی کہ” کے مولا جٹ ان ایکشن ہیں“ پنجاب میں میں واحد سیاستدان ہوں جس کے پیچھے گلی کے پانچ لوگوں نے جانیں دیں، میں اپنے ورکر سے بہت پیار کرتاہوں، آج بھی اسی ریڑھی سے ناشتہ کرتا ہوں، جس سے بہت پہلے کیا کرتا تھا۔ میرا سٹار سکارپین ہے، میرے اندر منافقت نہیں، جب نواز شریف کے ساتھ تھا تو ان کے ساتھ تھا اب نہیں ہوں تو انہیں بتایا اب میں تمہارے ساتھ نہیں ہوں۔ میں نے اپنے سیاسی مخالف سے کبھی صلح نہیں کی، نواز شریف پہلے اتنے کرپٹ نہیں تھے جتنے اب ہوگئے ہیں، وہ بچوں کیلئے لوٹ مار کررہے ہیں۔ شیخ رشید نے بتایا وہ شورش کاشمیری سے متاثر ہیں شادی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوںنے کہا شادی نہ کرکے عقل کاکام کیا، میں شادی کرتا تو طلاق ہوجاتی اور عورت منتخب ہی کامیاب آدمی کو کرتی ہے، اس بات پر یقین نہیں کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ انہوںنے بتایا درخت لگانا اور بلند جگہ پر سگار پینا پسند ہے، پرندوں کا شکار نہیں کرتا، مجھے بھی عشق ہوا تھا نہ میرے ساتھ دھوکا ہوا نہ میں نے دھوکا دیا، جب تک اللہ نہ چاہے دولت، عزت اور رتبہ نہیں مل سکتا۔ پانامہ لیکس میںحکمرانوںکی ناک کٹ گئی ہے، یہ بہت اہم کیس ہے، جو تاریخ بنا سکتا ہے، انہوںنے کہا مشرف نے میرے ساتھ کبھی بددیانتی نہیں کی، میں ریلوے میں تھا تو تیس ٹرینیں چلائیں، انہوں نے تو بند کی ہیں، میں مشرف کو ایماندار سمجھتا تھا لیکن افسوس انہوں نے سعودی عرب سے پیسے لئے، میری ذاتی دوستی صرف عمران خان سے ہے، میں نے زندگی میں دوستی بھی نمبر1 سے کی اور دشمنی بھی نمبر1 سے کی۔ انہوں نے بتایا گوشت ضرور کھاتا ہوں، جس کھانے میں گوشت نہ ہو نہیں کھاتا، انہوںنے کہا جنرل (ر) راحیل شریف ایک زبردست آرمی چیف رہے وہ ایک زبردست آدمی ہیں، انہوںنے کہا اب دکاندار سے کہا جائے”تھوڑا شوربا اور ڈال دو تووہ کہتا ہے قطری مال سمجھ رکھیا جے“ پانامہ کیس عوام میں بہت مشہور ہوچکا ہے، عوام حکمرانوںکی کرپشن بارے جانتے ہیں، پاکستانی عوام جب باہر نکلتی ہے تو وہ بڑی خوفناک انداز میں نکلتی ہے، پاکستانی عوام بہت عظیم ہے، میں چاہتا ہوں سیاست میں اہل لوگ آگے آئیں۔ نواز شریف نے ایک بندہ بھی میرٹ پر نہیں لگایا، ساری سیاست پیسے سے ہوتی ہے، میں نے کبھی کرپشن نہیں کی کسی کے پاس ثبوت ہے تو لے آئے۔ پیسہ میرے لئے کبھی بھی پرکشش نہیں رہا، نوجوانوں کو میرا پیغام ہے چھہ گھنٹے سے زیادہ نہ سوئیں اور دوسرا فون پر وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے اہم کاموں کی طرف توجہ دیں، زندگی ایک دفعہ ہی ملتی ہے، اسے سوکر ضائع مت کریں۔
شیخ رشید