نارووال: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے ملک کی معیشت کا بہت نقصان کیا ، 2018میں نیا پاکستان کے نام پر ایک اناڑی نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ، پاکستان کے مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے، حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کے لئے ایک خطیر رقم مختص کی ہے ۔
نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018میں نیا پاکستان کے نام پر ایک اناڑی نے ملک کا نقصان کیا اور ملک کو 75 سال پیچھے دھکیل دیا ، اس اناڑی کو یہ بھی پتا نہیں تھا کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے اور ملک کو کس طرح ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے ۔ 2013میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں وژن 2025بنایا تھا جس میں ملک کی ترقی کی سمت متعین کر دی گئی تھی ، اگر اس وژن پر عمل ہوتا تو آج ملک دنیا کے 10 ٹاپ ترین اور معیشت کے 25 ممالک کی لسٹ میں شامل ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بحثیت قوم سنجیدگی کے ساتھ سوچنا ہو گا کہ کیا اس سفر کو جس طرح 75 سال چلایا ہے مذید جاری رکھ سکتے ہیں یا ہمیں نیا راستہ اپنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسی لیے نیشنل چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے 800ارب روپے مالیت کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے تمام صوبوں سے زائد فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ مجھے سب سے زیادہ خوشی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی فنڈز کو گذشتہ سال کے نظرثانی شدہ ہدف 26.3ارب روپے سے بڑھا کر44.1ارب روپے کردیا ہے جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 68فیصد اضافہ کیا ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں ترجیحات کو اس بنیاد پر متعین کیا گیا ہے تاکہ ہم ترقی کے نئے سفر کا آغاز کریں۔ ہماری پہلی ترجیح انسانی وسائل کی ترقی ہے۔ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ میں تعلیم کے منصوبے، فنی مہارت کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پر کام کیا جا رہا ہے،نوجوانوں کو جدید انقلاب کے لئے تیار کریں گے،نوجوانوں کو آسان اقساط پر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے ،نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 250فنی تعلیم کے ادارے بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے نوجوان قائداعظم کے خواب کی تکمیل کے لئے محنت جاری رکھیں ،ہمیں سوچنا ہو گا کہ وسائل ہونے کے باوجود ہم پیچھے کیوں رہ گئے ہیں ۔ تاریخ پر نظریں ڈالیں تو ہم سے کم وسائل رکھنے والی قومیں آج ترقی یافتہ ہیں ،دوست ملک پالیسیوں کے تسلسل کو نہیں چلنے دیا گیا ،نوجوانوں کو ہر طرح کے وسائل مہیا کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے ،پاکستان کے نوجوان ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہر نوجوان کو ان کی صلاحیت کے مطابق فنی تعلیم مہیا کریں ،نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے فنی تعلیم کے ادارے بنا رہے ہیں ۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی پہلی 25معیشتوں میں لانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس کو ہماری حکومت عملی جامہ پہنائیں گے ۔ مذہب کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کرنا افسوس ناک ہے ،پوری قوم کو مل کر انتشار پھیلانے والے عناصر سے نمٹنا ہو گا۔ جو لوگ مذہب کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کر رہے ہیں ان کے خلاف سب کو بحیثیت قوم یک زبان ہونا پڑے گا ۔ ہمارے لئے حضورۖﷺ کی زندگی ہی بہترین اسوہ حسنہ ہے ،کائنات کا نظام بھی معاونت اور تسلسل سے جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ،معاشرے میں رواداری اور اخوت کے فروغ کی ضرورت ہے ،ملک میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہنر مند ذہین پاکستانیوں پر زیادہ انحصار کریں گے ، ہنر مند افراد پرائیویٹ سیکٹر ، اکیڈیمیاں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں انہیں چیمپئنز آف ریفارمز کے نیٹ ورک میں منظم کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت اور عوام کی پارٹنر شپ سے ٹیم پاکستان بنائی جاسکتی ہے۔ پاکستان کے مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے ، نوجوانوں کو اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ تنگ نظری اور تنگ نظر قیادت معاشرے کو تباہ کر دیتی ہے ، ہمارے اندر اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن وہ اختلاف رائے نفرت میں تبدیل نہیں ہونا چاہئے اور یہی سوچ ہمیں پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔