اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوگل ماہرین سے ملاقات ، پارلیمنٹ کی ڈیجٹیلائزیش سے متعلق امور پرغور کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گوگل ماہرین کے وفد سے ملاقات کی ہے، وفد کی سربراہی ٹیک ویلی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے کی گئی، ملاقات میں پارلیمنٹ کی ڈیجٹیلائزیش سے متعلق امور کو زیر غور لایا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی ڈیجیٹلازیشن سے ممبران اور سٹاف کے استعداد کار میں اضافہ ہو گا، ڈیجیٹلائزیشن سے اسمبلی کی کارروائی مزید موثر اور نتیجہ خیز ہوگی، قومی اسمبلی میں گوگل آفس متعارف کرانے سے وہ جنوبی ایشیا کی پہلی پیپر لیس پارلیمنٹ بن جائے گی، ڈیجیٹلائزیشن اور گوگل آفس پارلیمنٹ کے ماحول کو بدل دے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی خواہش رکھتا ہوں، انفارمیشن، ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج بنا دیا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے پارلیمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
سی ای او ٹیک ویلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ جنوبی ایشیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جسے ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ٹیک ویلی پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے گوگل پارٹنر ہے، قومی اسمبلی کے مختلف دفاتر میں کام کرنے والے عملے کی ڈیجیٹلائزیشن کی تربیت کا انعقاد کیا گیا ہے۔