اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف آج لندن سے امریکا روانہ ہوں گے، نیو یارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔21 ستمبر کو امریکی صدر جوزف بائیڈن کے عشائیہ میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وزیراعظم لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد نیویارک پہنچیں گے، نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، 20 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔
20 ستمبر کو شہباز شریف کی فرانسیسی صدر سے ملاقات ہو گی، اسی روز آسٹرین چانسلر، سپین کے صدر، یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات ہوگی۔
اس دوران وزیراعظم گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ کا اہتمام سینیگال اور افریقی یونین کے صدر نے کیا ہے۔
21 ستمبر کو وزیراعظم کی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور ورلڈ بینک کے صدرسے ملاقات ہو گی، ترک صدر، ایرانی صدر اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات ہوگی۔
21 ستمبر کو شہباز شریف امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے بھی ملاقات ہو گی۔
22 ستمبر کو مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات ہو گی، شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس سے دفتر میں ملاقات ہو گی،چینی وزیراعظم، جاپانی وزیراعظم، لگسمبرگ کے وزیراعظم، ملائیشین وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
23 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اسی دن نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہو گی۔
امریکا کے دورے کے دوران وزیراعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔