نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے ماحول دوست توانائی ذرائع اختیار کرنا ہوں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ علاقوں کے معاشی سہارے کیلئے قرضوں کو ری شیڈول کرنا ہوگا، ترقی پذیر ممالک کی برآمدات بڑھانے کیلئے ترجیحی مراعات دینا ہوں گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جی 77 ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے فوری خوراک کی ضرورت ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں عوام کی فلاح کیلیے ترقی یافتہ ممالک مدد کریں، موسمیاتی تبدیلوں سے متاثر ہونے والے ممالک کی مدد کی جائے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بڑی تباہی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے پاکستان کا دورہ کیا، یو این سیکریٹری جنرل سیلاب سے متاثر ہونے و الے علاقوں میں بھی گئے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی رقبہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، پاکستان کو متاثرہ علاقوں کی بحالی میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا کے مالیاتی نظام کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق بنایا جائے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کے صدر کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو سراہتے ہیں، چینی صدر کے اس منصوبے سے دنیا کے مختلف حصوں میں روابط مضبوط ہوں گے۔