نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری مدد کرے تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی یقین بنائی جا سکے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی خبر رساں ایجنسی کے دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ موسمیاتی تغیرات کے باعث آج پاکستان کو سیلاب کا سامنا ہے اور سیلاب کے باعث 3 کروڑ سے زائد آبادی بے گھر ہو چکی ہے جبکہ 40 لاکھ ایکڑ سے زائڈ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور بچوں سمیت ایک ہزار 600 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کلو میٹر سڑکوں سمیت انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا اور ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے 30 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے ذریعہ معاش کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور اگر موسمیاتی تبدیلیوں سے نہ نمٹا گیا تو کل کسی اور ملک کو بھی آفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ عالمی برادری مدد کرے تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا میں تیل اور اناج کا بحران پیدا ہوا جبکہ افغانستان میں پرامن حالات پاکستان میں بھی امن کی ضمانت ہیں۔ طالبان کو خواتین کے بنیادی حقوق کی پاسداری یقینی بنانا ہو گی اور خواتین کو تعلیم اور ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کو فوری بحال کیا جانا چاہئے اور اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ نائن الیون کے بعد پاکستان اور امریکہ انتہا پسندی کے خلاف اتحادی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جو کچھ کیا وہ پاکستان کے مفادات کے لیے نقصان دہ تھا اور ہماری حکومت امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہاں ہے۔