اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک نمائندہ جیت کر اگلے دن استعفیٰ دے گا جبکہ علی موسی ٰاگلے دن سے عوام کی خدمت کرے گا۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 2018کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا،کل عوام اپنا چھینا ہوا حق واپس لیں اور علی موسیٰ کو منتخب کروائیں۔
جس طرح یوسف رضا گیلانی نے عوام کی خدمت کی،علی موسیٰ بھی کریں گے،چار سال ملتان اور حلقہ میں کوئی ترقی نہیں ہوئی،آخری سال ہم لوگوں کی بھرپور خدمت کریں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین 2018 میں ملتان کی نشست این اے 157 سے کامیاب ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی پارٹی کے دیگر ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ استعفیٰ جمع کرا دیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کا استعفیٰ تو قبول نہیں کیا تھا مگر پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 227 پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں زین قریشی کی کامیابی کے بعد این اے 157 کی نشست خالی ہو گئی تھی۔
زین قریشی کی خالی ہونے والی نشست پر کل 16 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی میں مقابلہ ہے۔