اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ہے لیکن پاکستان دہشت گردی کا ناسورجڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر±عزم ہے۔اسلام آباد وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے حالیہ دھماکوں پر مذمت کی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور اس جنگ میں ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے مستحکم تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں جب کہ باہمی تحفظات کا ازالہ، مضبوط اور ہمہ جہتی پارٹنرشپ کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ملک کے لیے خطرہ نہیں بلکہ یہ عالمی وعلاقائی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ہے لیکن پاکستان دہشت گردی کا ناسورجڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر±عزم ہے، ضروری ہے اس جنگ میں عالمی قوتیں ذمہ داریوں کا احساس کریں۔