میلبورن: (ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اہم میچ اتوار کو بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائےگا۔ بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا، اگر اسے شکست ہوئی تو پاکستان یا بنگلادیش میں سے جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔
پاکستان کا رن ریٹ بھارت سے بہتر ہے جبکہ بنگلادیش کی ٹیم منفی ایک اعشاریہ دو سات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ بظاہر بنگلادیشی ٹیم کیلئے بھارت کی ہار کے بعد بھی صورت حال مشکل ہے ، اس لیے اس کا زیادہ انحصار جنوبی افریقا کی شکست پر ہوگا۔
بھارت کیخلاف میچ سے قبل زمبابوے کے کپتان کریگ اروائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ بھارت کیخلاف میچ کا بھی وہی نتیجہ چاہتے ہیں جو پاکستان کیخلاف میچ کا ہوا تھا۔
جب بھارت اور زمبابوے کا میچ ہو رہا ہوگا تب تک زمبابوے کو یہ علم ہوچکا ہوگا کہ وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے پھر بھی زمبابوین کپتان بھارت کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
زمبابوے کی ٹیم ایونٹ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست دے چکی ہے اور اتوار کو بھارت کیخلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اس کارکردگی کو دہرانا چاہتی ہے۔ اس میچ میں 90 ہزار تماشائیوں کی اسٹیڈیم آمد متوقع ہے۔
کریگ اروائن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو شکست دینے کے بعد ہمیں یہ اعتماد ملا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں اور میرا نہیں خیال کہ بھارت کیخلاف میچ سے قبل یہ اعتماد ختم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بولرز کے پاس دنیا کے بہترین بیٹرز کے سامنے بولنگ کرنے کا موقع ہے، لہٰذا کھلاڑیوں کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ گراؤنڈ میں اتریں اور اچھا پرفارم نہ کریں۔ آپ خود سوچیں آپ کو ویرات کوہلی جیسے بڑے بیٹر کو آؤٹ کرنے کا کتنا موقع ملتا ہے؟ مجھے یقین ہے ہر بولر یہ اعزاز حاصل کرنا چاہے گا۔
