نیویارک : (ویب ڈیسک) پاکستانی میراتھن رنرز کی بڑی تعداد اتوار کو دنیا کی سب سے بڑی میراتھن نیویارک میراتھن اور استنبول میراتھن میں حصہ لے رہی ہے۔
نیویارک میراتھن میں رواں سال 50 ہزار سے زائد افراد حصہ لے رہے ہیں ان میں ہالی وڈ اداکار اور انسانی سمگلنگ کے خلاف متحرک کارکن ایشٹن کُچر بھی شامل ہیں۔
نیو یارک میراتھن سے پہلے جمعے کے روز سینٹرل پارک میں ہونے والی پريڈ میں پاکستانی رنرز نے پاکستان کا پرچم تھامے پاکستان کی نمائندگی کی جسے امریکی چینلز پر بھی براہ راست نشر کیا گیا۔
نیویارک میراتھن میں کراچی سے فیصل شفیع اور اسلام آباد سے بلال احسن حصہ لے رہے ہیں اس کے علاوہ امریکہ برطانیہ آسٹریلیا سمیت کئی ممالک سے پاکستانی نژاد رنرز شرکت کر رہے ہیں ان میں فیصل شفیع اور حرا دیوان 40 دن میں دوسری میجر میراتھن میں حصہ لے رہے ہیں۔
فیصل شفیع نے اس سے قبل 25 ستمبر کو برلن میراتھن 3 گھنٹے 6 منٹ 7 سیکنڈ میں مکمل کرتے ہوئے بوسٹن میراتھن 2024 کے کوالیفائی کیا تھا جبکہ حرا دیوان نے لندن میراتھن 3 گھنٹے 54 منٹ میں مکمل کی تھی۔
44 ویں استنبول میراتھن میں پاکستان سے صادق شاہ، محمد سجاد، عمیر حفیظ اور مزمل نیازی حصہ لے رہے ہیں۔
صادق شاہ اس سے پہلے 2020 میں استنبول میراتھن مین 42.20 کلومیٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے 42 منٹ میں مکمل کر چکے ہیں۔
