کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کل زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں منعقد کی جانے والی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ سیاسی پارٹیوں کی قیادت کو ارسال کر دیا ہے۔ دعوت نامہ میں آصف علی زرداری نے لکھا ہے کہ ملک کو اس وقت متعدد مسائل کا سامنا ہے جس کے لئے سیاسی پارٹیوں کو سر جوڑ کر غوروخوص کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے اس کانفرنس کا انعقاد 4 مارچ کو صبح گیارہ بجے زرداری ہاﺅس میں کیا جا رہا ہے۔ زرداری ہاس کا پتہ ہاﺅس نمبر 8 ، سٹریٹ نمبر 19، سیکٹر F-8/2 ہے۔ ہر سیاسی پارٹی چار رکنی وفد اس کانفرنس میں بھیج سکتی ہے۔ دعوت نامہ کے ساتھ کانفرنس کا ایجنڈہ بھی منسلک ہے جس کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر گزشتہ دو برسوںمیں عملدرآمد اور اس سے سیکھے جانے والے اسباق، فوجی عدالتوں کی دوبارہ منظوری دینی ہے یا نہیں اور اگر دینی ہے تو اس کے کیا پیرامیٹر کیا ہونے چاہئیں، نیشنل ایکشن پلان کے حصہ کے طور پر فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد اور ان اصلاحات کے مختلف پہلوﺅں پر گفت و شنید کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی معاملہ جس پر غو رو خوص کرنا ضروری سمجھا جائے زیرِ غور لایا جائے گا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کے روز سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے پارٹی کے صدر کو سیاسی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور 4مارچ کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی ز رداری سے پیپلزپارٹی کے پی کے رہنما اخونزادہ چٹان نے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اخونزادہ چٹان نے سابق صدر کو کے پی علاقائی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سابق صدر کا اہم اقدام ۔۔۔
