اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کے زیر صدارت اجلاس میں کارکنوں نے احتجاج کیا اور ورکرز کو عزت دو کے نعرے لگائے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کے زیر صدارت راولپنڈی ن لیگی تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مقامی قیادت کی جانب سے نظر انداز کرنے پر کارکنوں نے احتجاج کیا، مریم نواز کے باہر نکلنے پر کارکنوں نے نعرے بازی بھی کی۔
کارکنوں نے ورکر کو عزت دو کے نعرے لگائے، مریم نواز کارکنوں کے نعروں کو نظر انداز کرتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ گئیں، مریم نواز نے راولپنڈی کے ایک شادی ہال میں تنظیمی اجلاس کی صدارت کی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے راولپنڈی میں تنظیمی سطح پر گروپ بندی پر اظہار برہمی کیا، انہوں نے کہا کہ آپ لوگ آپس کے اختلافات بھلا کر نوازشریف کو مضبوط کریں۔