لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان عدالت پیشی کیلئے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی اضافہ نفری بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچ چکی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ روانگی سے قبل عمران خان نے اپنے قریبی ساتھیوں سے بات چیت میں کہا کہ جو حق سچ کے ساتھ ہوتا ہے اللہ اس کی مدد کرتا ہے، میرا مدد گار اللہ ہے، میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے اتنی عزت دی، میرے کارکن میرا سرمایہ ہیں، حق سچ کے ساتھ کھڑے کارکنوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بینچ ساڑھے 5 بجے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، بینچ انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت 7 مقدمات میں حفاظتی ضمانت پر سماعت کرے گا۔
دو رکنی بینچ کے بعد جسٹس طارق سلیم شیخ بطور سنگل بنچ دو مقدمات میں سابق وزیراعظم کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
