کوئٹہ:(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آئین سے غداری کی درخواست دائر کر دی گئی۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف درخواست سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان نیازی نے قومی اسمبلی توڑنے کی سمری بھیج کر آئین سے غداری کی ہے۔
درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آئین کے آرٹیکل 5 اور حلف وفاداری کے آرٹیکل پانچ 91 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، سابق وزیر اعظم کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔