لاہور (ویب ڈیسک) لندن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف پارلیمنٹ کے قریب ’دہشتگردی‘ کے ایک واقعے میں حملہ آور سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ بیس سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور دو عام شہری بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے قریب ویسٹ منسٹرپل پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جس کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور پارلیمنٹ کے احاطے کی جانب دوڑتے چاقو بردارشخص کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب آنے والے تمام راستوں کو سیل کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے کوئی بھی شخص باہر نہ آئے۔
