سینیٹ اجلاس جاری ہے، یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر بلامقابلہ ڈپٹی چیٸرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ سینیٹ کے 43 نو منتخب اراکین نے بھی عہدے کا حلف اٹھالیا۔ پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سینیٹرز ایوان میں موجود نہیں، نامکمل سینیٹ ہے اس لئے آج چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب نہیں ہوسکتا۔سینیٹ میں نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہورہا ہے، تاہم کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہونے پر یوسف گیلانی بلا مقابلہ چیٸرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔اس کے علاوہ سیدال خان ناصر بھی بلامقابلہ ڈپٹی چیٸرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ڈپٹی چیٸرمین سینیٹ کیلٸے بھی کاغذات نامزدگی کسی دوسرے امیدوار نے جمع نہیں کروائے۔اس سے قبل سیکرٹری سینیٹ قاسم صمد خان کی صدارت میں سینیٹ اجلاس شروع ہوا۔سینیٹر اسحاق نے پریذائیڈنگ افسر کی حیثیت سے ممبران سے حلف لیا۔نومنتخب سینیٹرز حروف تہجی کی ترتیب سے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔پی ٹی آئی کی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین الیکشن کی مخالفتپی ٹی آئی نے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ آج سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں پی ٹی آئی سینیٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔پی ٹی آئی سینیٹرز ایوان میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر بھی لے کر آئے۔پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کا آج کا الیکشن غیر آئینی و غیرقانونی اقدام ہے۔انھوں نے کہا کہ کے پی میں سینیٹ الیکشن نہیں ہوا، خیبرپختونخوا کے سینیٹرز ایوان میں موجود نہیں، نامکمل سینیٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب نہیں ہوسکتا، اگر یہ انتخاب ہوا تو فیڈریشن کو نقصان ہوسکتا ہے۔علی ظفر نے کہا کہ کے پی سینیٹرز کے بغیر اہم عہدے کے انتخابات ہمیں قبول نہیں، الیکشن کمیشن ہر وہ کام کرتا ہے جس سے آئینی بحران آئے۔انھوں نے کہا کہ ہارجیت الیکشن کا حصہ ہے ہم الیکشن میں حصہ لینا چاہتے تھے، موجودہ صورتحال میں ہم الیکشن کا حصہ نہیں بن سکتے، خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کے بغیر یہ اجلاس ملتوی کیا جائے۔