آکسفورڈ: نووو نوڑدسک فارما کی تیار کردہ وزن گھٹانے والی معروف دوا Ozempic کو حالیہ مطالعے میں ڈیمنشیا اور دیگر ذہنی بیماریوں کے کم خطرے سے بھی وابستہ کیا گیا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کیے مطالعے میں اوزمپیک استعمال کرنے والے افراد میں ایک سال کے بعد ڈیمنشیا کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 48 فیصد کم تھا جنہوں نے سیٹاگلیپٹن، ایک پرانی دوا لی تھی۔ مزید برآں ایسے افراد میں علمی کارکردگی میں کمی کا خطرہ بھی سیٹاگلیپٹن لینے والے افراد کے مقابلے میں کم تھا۔
محققین نے دی لانسیٹ کے ای-کلینکل میڈیسن جریدے میں تحقیقی تنائج شائع کیے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اوزمپیک لینے والے افراد میں ان لوگوں کے مقابلے میں سگریٹ نوشی کا خطرہ بھی 28 فیصد کم تھا جو گلیپیزائڈ دوا لے رہے تھے۔
واضح رہے کہ یہ مطالعہ ذیابیطس کے کنٹرول اور وزن میں کمی کے علاوہ اوزیمپک اور ویگووی دوا میں موجود اہم جز سیماگلوٹائڈ کے ممکنہ فوائد کو بھی ظاہر کرنے کے لیے ایک قیمتی بصیرت فراہم کرتا ہے۔