کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ہدایتکار، پروڈیوسر و اداکار یاسر نواز اور دانش نواز کی اکلوتی بہن انزلنا نواز کی شوبز انڈسٹری میں نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی۔
یاسر نواز اور دانش نواز معروف مرحوم اداکار فرید نواز بلوچ کے بیٹے ہیں، ان دونوں بھائیوں نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر بنایا لیکن ان کی اکلوتی بہن انزلنا نواز اور ایک بھائی شوبز سے دور رہے۔
گزشتہ دنوں دانش نواز نے اپنی بہن انزلنا نواز کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنی بہن کے شوبز میں نہ آنے کی وجہ بتائی۔
دانش نواز نے کہا کہ ہم چار بہن بھائی ہیں، سب سے بڑے یاسر نواز، دوسرے نمبر پر فراز نواز ہیں جوکہ دانتوں کے ڈاکٹر ہیں، تیسرے نمبر پر میری بہن انزلنا ہیں اور پھر آخر میں میرا نمبر آتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ میرے بھائی فراز نواز نے اپنی مرضی سے ڈاکٹر کے پیشے کا انتخاب کیا جبکہ بہن انزلنا نے بھی خود ہی شوبز میں نہ آنے کا فیصلہ کیا، یہ اُن کا ذاتی فیصلہ تھا، اس کے پیچھے کی وجہ میں خود بھی نہیں جانتا۔