بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کانپور میں پریس کانفرنس میں شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کے 2 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کرکٹ بورڈ بنگلا دیش میں الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا تو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میرے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا۔
شکیب الحسن نے کہا کہ میں نے میرپور میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش کا اظہار بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے کیا ہے، انہوں نے مجھ سے اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ ہر چیز کو ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ میں بنگلا دیش جا سکوں، اگر ایسا نہیں ہوا تو کانپور میں بھارت کے خلاف میچ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا آخری میچ ہو گا۔