انگلش کرکٹر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے 2 الگ الگ قوانین پر اپنے بورڈ پر بھڑک اُٹھے۔
انگلینڈ کے ورلڈکپ فاتح ٹیم کے رکن جیمز ونس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) مختصر ٹورنامنٹ ہے، وہاں کھیل کر پلیئرز ڈومیسٹک سے زیادہ محروم نہیں ہوتے جبکہ آئی پی ایل طویل ٹورنامنٹ ہے، وہاں ڈومیسٹک پلیئرز کا جانا نہیں بنتا تھا۔
جیمز ونس نے سوال اٹھایا کہ آئی پی ایل کی اجازت کیوں؟ پی ایس ایل کی کیوں نہیں؟ ممکن ہےکہ قوانین میں یہ تضاد بورڈز کے باہمی تعلق کی وجہ سے ہو۔
انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ میں مزید انگلش پلیئرز پِک ہوتے تو اور پلیئرز بھی اپنا ڈومیسٹک ریڈ بال کنٹریکٹ چھوڑ دیتے لیکن پی ایس ایل ٹیموں نے این او سی کے خدشےکی وجہ سے اکثر انگلش پلیئرز کو منتخب نہیں کیا۔
جیمز ونس کا کہنا تھا کہ ای سی بی کی نئی پالیسی انگلش کرکٹرز کیلئے مددگار ثابت نہیں ہورہی بلکہ مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔
خیال رہے کہ انگلش بیٹر جیمز ونس نے حال ہی میں پی ایس ایل کی خاطر اپنا ریڈ بال کنٹریکٹ منسوخ کیا ہے۔
جیمز ونس نے پی ایس ایل کے لیے انگلش فرسٹ کلاس سیزن کو خیرباد کہہ دیا ہے اور وہ اس سال صرف ہمپشائر کی جانب سے وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے۔
جیمز ونس کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ہمپشائر کی قیادت سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلش بیٹر جیمز ونس پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔