ممبئی(ویب ڈیسک) ہدایتکار راج مولی کی فلم ”باہو بلی 2“ 10 روز میں ہی بھارت سمیت دنیا بھر میں 1000 ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔بھارتی فلم ”باہو بلی 2“ نے اپنی ریلیز کے بعد سے باکس آفس پر تہلکہ مچا رکھا ہے اور کمائی کے کئی منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں، فلم بھارتی باکس آفس کے ساتھ دنیا بھر میں بھی خوب بزنس کر رہی ہے اور ریلیز کے 10 دن میں ہی بھارتی سنیما کی تاریخ پلٹ کر رکھ دی ہے۔
فلم ”باہو بلی 2“ کو بھارت بھر میں ہندی، تامل، تیلگو، ملیالم اور کنندہ زبان میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جس نے 10 روز میں ہی باکس آفس پر 800 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے جب کہ فلم دنیا بھر میں 200 کروڑ کے بزنس کے ساتھ مجموعی طور پر 1000 کروڑ سے زائد کی کمائی کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔فلم”باہو بلی 2“ کی کمائی نے عامر خان کی ”پی کے“ اور ”دنگل“ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ”دنگل“ کی چین میں نمائش کے باوجود ”باہوبلی 2“ کی کمائی تک پہنچنا ناممکن ہوگیا ہے جب کہ فلمی پنڈتوں نے بھی فلم کے 1500 کروڑ سے زائد کمائی کی پیش گوئی کردی ہے۔