اسلام آباد(ویب ڈیسک) عمران خان اور حمزہ شہباز کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان اور حمزہ شہباز کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا معاملہ تو سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم نامہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر کی کاپی ہمیں بھی موصول نہیں ہوئی، جس پر وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی حاصل کرنے کے لئے رجوع کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے اسی انتخابی ضابطہ اخلاق پر سینکڑوں ضمنی الیکشن کرائے ہیں، الیکشن کمیشن نے عمران خان اور حمزہ شہباز کے خلاف کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔