عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کروانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت طلب کرلیا گیا۔
عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ملاقات نہ کروانے پر توہینِ عدالت کے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل 4 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت کریں کہ کیوں عدالتی احکامات پر عمل نہیں ہوا۔ عدالت نے 4 مارچ تک سپرنٹنڈنٹ سے جواب بھی طلب کیا ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سردار سرفراز ڈوگر نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کروانا 28 جنوری کے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔