لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 2 سال بعد پی آئی اے کی براہِ راست پرواز نے اڑان بھری، جس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کی قیادت ایک خاتون پائلٹ شاہدہ اسماعیل نے کی۔
باکو کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی افتتاحی پرواز اتوار کو لاہور کے ہوائی اڈے سے اڑی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے نئے دور کا آغاز ہوا۔
اس سلسلے میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں ایک خصوصی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب میں شرکت کی جبکہ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف بھی موجود تھے۔
اس نئے راستے کا آغاز اپنے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسعت دینے اور پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے قومی ایئرلائن کی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 159 کی کپتانی پاکستانی خاتون پائلٹ شاہدہ اسماعیل نے کی، اس بات کا انکشاف وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
وزیراعظم نے لاہور اور باکو کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور علاقائی رابطوں کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیر اعظم شہباز نے اپنی ایکس ٹائم لائن پر لکھا کہ میں دو سال کے وقفے کے بعد لاہور اور باکو کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہوں جو کہ ہمارے برادر ممالک کے درمیان سیاحت اور علاقائی رابطوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہدہ اسماعیل کی کپتانی میں افتتاحی پرواز بھی ایک قابل فخر یاد دہانی تھی کہ پاکستانی خواتین ایوی ایشن سمیت تمام شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید سنگ میل حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے کیونکہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط ہو رہا ہے۔