باغبانپورہ کے علاقے میں ایل ڈبلیو ایم سی کے ڈمپر کی ٹکر سے پانچ افراد کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کے دلخراش واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں قتل بالسبب، غفلت سے گاڑی چلانا اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک حادثہ ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ تھا جو جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 اسکول کی بچیاں بھی شامل ہیں، جاں بحق ہونے والی اسکول کی بچیوں کی شناخت 12 سالہ عائمہ اور 10 سالہ حافظہ کے ناموں سے ہوئی، جاں بحق افراد میں 45 سالہ رفاقت، 41 سالہ داود شامل تھے جب کہ ایک شخص کی شناخت نا ہو سکی۔
زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ علی، 10 سالہ افان، 10 سالہ بلال، 18 سالہ کومل شامل ہیں، زخمی ہونے والوں کو سروسز اور قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس پی کینٹ علی رضا کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ملزم کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔