فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں سلمان خان اور سونالی باندرے کی کیمسٹری کو کافی سراہا گیا تھا لیکن حال ہی میں سونالی باندرے نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے سیٹ پر سلمان خان انہیں بہت تنگ کیا کرتے تھے جس پر ان دونوں کی کافی لڑائیاں ہوتی تھیں۔
سورج برجاتیہ کی ہدایت کاری میں بننے والی ملٹی اسٹارر فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ 90 کی دہائی کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔
اس فلم کے شاندار سیٹس، بھرپور اسٹار کاسٹ اور روایتی خاندانی اقدار پر مبنی کہانی آج بھی شائقین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔
فلم میں سلمان خان اور سونالی باندرے کی کیمسٹری بھی کافی پسند کی گئی مگر جیسا محبت بھرا رشتہ پردے پر نظر آیا، حقیقی زندگی میں ان دونوں کے تعلقات خاصے شرارتی اور لڑائی جھگڑے والے تھے۔
حال ہی میں سونالی باندرے نے بالی وُڈ ببل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی یادیں تازہ کیں،جب انہیں فلم کے چند یادگار مناظر دکھائے گئے تو انہوں نے انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران سلمان خان سے ان کی اکثر لڑائیاں ہوتی تھیں۔
واضح رہے کہ سونالی نے فلم میں پریتی کا کردار ادا کیا تھاجو پریم (سلمان خان) کی منگیتر ہوتی ہے۔
سونالی نے بتایا کہ ہم ہر وقت لڑ رہے ہوتے تھے، جب بھی میں کلوز اپ شاٹ دیتی، سلمان مجھے چہرے بنا بنا کر تنگ کرتا تھا، میں اتنی ناراض ہو جاتی کہ کہتی یہ کیا مذاق ہے؟
سونالی نے مزید کہا کہ اگرچہ ابتدا میں وہ سلمان سے خفا رہا کرتی تھیں لیکن وقت کے ساتھ انہیں اندازہ ہوا کہ سلمان خان کے سخت رویے کے پیچھے نرمی اور ہمدردی چھپی ہے۔
ان کے مطابق سلمان ایک سخت ظاہری شخصیت دکھاتا ہے لیکن اندر سے بہت نرم دل ہے مگر وہ یہ سب چھپاتا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو اسے پسند کرنا مشکل ہو جاتا ہے، مجھے بھی وقت لگا سمجھنے میں کہ وہ دراصل ایک اچھا انسان ہے۔
اسی انٹرویو میں سونالی نے ایک دلچسپ بات بھی شیئر کی کہ ان کا کردار ڈاکٹر پریتی ابتدا میں جدید مغربی لباس میں دکھایا جانا تھا۔
لیکن چونکہ سونالی خود ایک مڈل کلاس مہاراشٹری خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، انہوں نے فلم کے ہدایت کار سورج برجاتیہ سے گزارش کی کہ ان کا کردار ایک روایتی ہندوستانی لڑکی کے طور پر دکھایا جائے۔
سورج برجاتیہ نے ان کی بات مان لی لیکن ایک شرط رکھی کہ مجھے ناک میں بالی پہننی ہوگی جس پر میں نے ان کی بات مان لی۔
’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ ایک خاندانی ڈرامہ فلم تھی جو 1999 میں ریلیز ہوئی، یہ بالی وڈ کی کامیاب ترین ملٹی اسٹارر فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔
اس فلم کے معروف اداکاروں میں موہنش بہل، تبو، سلمان خان، سیف علی خان،کرشمہ کپور، نیلم، مہیش ٹھاکر شامل تھے۔