بالی وڈ کے خوبرو اداکار کارتک آریان اور فلمساز کرن جوہر کے ایک دوسرے کے تعاون سے بننے والی فلم ‘تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ کے پہلے لُک پوسٹر کی نقاب کشائی ہوگئی۔
یاد رہے کہ فلم ‘تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری‘ کو کرن جوہر کا دھرما پروڈکشنز اور نما پکچرز پیش کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری کے فرائض سمیر ودوانس سرانجام دے رہے ہیں۔
اس موسٹ اویٹڈ فلم کا اب طویل عرصے بعد پہلا لُک پوسٹر منظر عام پر آگیا ہے جس میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے کو رومانوی لمحات میں قید دیکھا گیا۔
اس لُک میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے ایک دوسرے کو بوسہ دیتے نظر آرہے ہیں جس نے مداحوں کا جوش بڑھا دیا اور بڑھنا بھی چاہیے تھا کیونکہ کارتک اور اننیا کو ایک ساتھ اسکرین پر دیکھنے کیلئے شائقین کو شدت سے انتظار تھا۔
حالانکہ کارتک آریان نے ایک ہفتے قبل فلم سے متعلق اعلان کیا تھا کہ ان کی نئی فلم کی شوٹنگ کروشیا میں ہوگی۔ اس کے بعد لیک ہونے والی تصاویر سے مداحوں نے قیاس آرائی شروع کر دی کہ فلم کی ہیروئن اننیا پانڈے ہی ہوں گی۔
اور یہ قیاس آرائیاں اس وقت سچ ثابت ہوئیں جب فلم کے پہلے لُک پوسٹر میں ان دونوں کو ایک ساتھ رومانوی لمحات دیکھا گیا۔
فلمساز کرن جوہر نے اس لُک کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے کروشیا کے خوبصورت مناظر کے پس منظر میں کھڑے نظر آ رہے ہیں۔
بظاہر، تصویر میں ایسا لگ رہا ہے جیسے کارتک بیٹھے ہوئے ہیں اور اننیا اُن کے ساتھ کھڑی ہیں۔ دونوں کے ہاتھوں میں پاسپورٹ ہے، اور ان کی کیمسٹری اتنی رومانوی ہے کہ نظر ہٹانا مشکل ہو جاتا ہے۔ دونوں نے اپنی آنکھیں بند کر کے چہروں کو ایک دوسرے کے قریب رکھا ہوا ہے، جو تصویر کو مزید جذباتی بنا دیتا ہے۔
کرن جوہر نے تصویر کے کیپشن میں لکھاکہ،’ہماری رے کی رومی کو سائن اور سیل کرنے کے بعد پیش کیا جا رہا ہے!’
ساتھ ہی انہوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ،‘ یہ فلم اگلے ویلنٹائنز ڈے پر، 13 فروری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی’۔
دوسری جانب کارتک آریان نے بھی یہی پوسٹر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور کیشپن لکھا کہ،‘ایک ساتھ ایک بار پھر پرواز میں‘۔
ابھی یہ پوسٹر منظرعام پر آیا ہی تھا کہ مداحوں نے یہ امیدیں باندھ لیں کہ یہ فلم سال 2026 کی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک ہوگی۔
ایک صارف نے لکھا کہ،‘اتنے عرصے سے اس لمحے کا انتظار تھا! رے اور رومی سے محبت ہو گئی ہے!’
لیکن ایک صارف ایسا بھی تھا جس نے فلم کے نام سے اختلاف کرتے ہوئے لکھا کہ،‘ اب وقت آ گیا ہے کہ بالی وڈ بہتر ناموں والی فلمیں بنائے۔ یہ کیا نام ہوا بھلا ’ تو میری، میں تیرا، میں تیرا، تو میری؟ لگتا ہے جیسے گانے کا ریفرینس ہو فلم کا ٹائٹل!’