ساؤتھ انڈین سپر اسٹار دھنوش اپنی آنے والی فلم ‘کُبیرا‘ کی سانگ لانچنگ سیرمنی میں مداحوں سے بات کرتے ہوئے زار و قطار رو پڑے۔
تقریب کے دوران اسٹیج پر کھڑے دھنوش نے مداحوں سے بات کرتے ہوئے اپنے ہیٹرز کو اور نیگیٹیو پی آر کے ذریعے ان کے بارے میں غلط افواہیں پھیلا کر ان کا کریئر ختم کرنے والے افراد کو واضح طور پر للکارا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے اداکار دھنوش کی کئی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں جن میں انہیں روتے ہوئے جذباتی ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ‘جب میں اندھیرے میں راستہ تلاش کر رہا ہوتا ہوں تو ایک ہاتھ میرے ہاتھ کو تھام لیتا ہے اور میری رہنمائی کرتا ہے اور اس وقت میرا ہر مداح میرے لیے ایک مشعل بن جاتا ہیں جو میرا راستہ روشن کرتا ہیں‘۔
اپنے ہیٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے دھنوش کا کہنا تھا کہ آپ میرے بارے میں جتنی چاہیں افواہیں پھیلائیں، جتنی چاہیں منفی باتیں پھیلائیں، ہر بار میری فلم ریلیز ہونے سے ڈیڑھ ماہ پہلے ایک منفی مہم شروع کریں لیکن وہ نظر نہ آنے والا ہاتھ اور میرے مداح مجھے ہمیشہ آگے بڑھنے پر مجبور کریں گے‘۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر اداکار کی بات سن کر پنڈال میں بیٹھے تمام افراد نے ان کیلئے تالیاں بجائیں اور نعرے بازی کی۔
دھنوش نے مزید کہا کہ ‘یہاں موجود تمام لوگ صرف میرے مداح نہیں بلکہ 23 سال کے میرے ساتھی ہیں اگر آپ نے سوچا کہ آپ کچھ افواہیں پھیلا کر مجھے ختم کر سکتے ہیں تو اس سے زیادہ بیوقوفی والی بات کچھ نہیں ہے کیونکہ آپ میرا بال بھی بیکا نہیں کرسکتے کیونکہ میرے ساتھ میرے مداح ہیں‘۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دھنوش کو جذباتی انداز میں مداحوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس پر ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے لکھا کہ ‘پورے ڈھائی منٹ تک فینز چلاتے رہے اور دھنوش کو بولنے نہیں دیایہی وجہ ہے کہ اس لمحے کو دیکھ کر وہ جذباتی ہو کر رو پڑے‘۔
واضح رہے کہ اس تقریب میں اداکار دھنوش کے فلم انڈسٹری میں 23 سال پورے ہونے کا بھی جشن منایا گیا تھا۔
فلم کُبیرا کے بارے میں
دھنوش کی اپکمنگ فلم ‘کُبیرا‘ ایک سنسنی خیز سوشل تھرلر فلم ہے جس کی کہانی دولت کی تلاش اور اس کے انسانی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دھنوش ‘دیوا‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو غربت سے نکل کر امیر ہوجاتا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری نیشنل ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر شیکھر کمولا نے کی ہے جبکہ کاسٹ میں دھنوش کے ساتھ اداکار ناگ ارجنا، رشمیکا مندانا اور جم ساربھ جیسے بڑے اداکار شامل ہیں۔
‘کُبیرا‘ 20 جون 2025 کو تیلگو، تامل، ہندی، کنڑ اور ملیالم سمیت پانچ زبانوں میں ریلیز ہوگی یہ فلم دولت کی ہوس اور اخلاقیات کے درمیان ہونے والی کشمکش کو گہرائی سے دکھائے گی جس سے ناظرین کو ایک منفرد تجربہ ملے گا۔