اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی موسٹ اویٹڈ فلم ’لوگرو’ کی کامیابی کیلئے اجتماعی دعا کرنے کی درخواست کردی۔
عید الاضحیٰ میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں اور جہاں اس عید کا بے صبری سے انتظار ہے وہیں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی اپ کمنگ رومانوی فلم ’لوگرو’ کو سینما کی زینت بنتا دیکھنے کیلئے بھی شائقین ہر لمحہ گن گن کر گزار رہے ہیں۔
ایسے میں فلم کی سینما گھروں میں نمائش سے قبل وقتاً فوقتاً گانے بھی ریلیز کیے جارہے ہیں پہلے پروموشنل سانگ ’آ تینوں موج کراواں’، پھر ٹائٹل سانگ ‘دل توڑن والیا‘ ، رومانٹک سانگ ’بے خبریاں’ اور پھر پشتو گیت ‘صدا آشنا’ جاری کیا گیا۔
اب فلم کا جذباتی گیت ‘ٹوٹ گیا’ ویڈیو سمیت ریلیز کیا گیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
جبکہ دوسری جانب فلم کی مرکزی جوڑی ماہرہ خان اور ہمایوں سعید بین الاقوامی پروموشنز کے بعد اب پاکستان واپسی پر مختلف انٹرویوز کا حصہ بنتے ہوئے لوگرو کی کامیابی کو ریلیز سے قبل ہی ممکن بنانے کا کام کررہے ہیں۔
ایسے میں ماہرہ خان کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہیں فلم کی کامیابی کیلئے اجتماعی دعاکی درخواست کرتے دیکھا گیا۔
یہ کلپ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے ایک میڈیا سیشن سے وائرل ہوا جہاں اداکارہ کو ’لوگرو‘ کی کامیابی کیلئے امیدیں باندھتے دیکھا گیا، اس دوران اداکارہ نے نہ صرف خود اس فلم کی کامیابی کے لیے دعا کی بلکہ وہاں موجود تمام صحافیوں اور افراد سے درخواست کی کہ وہ بھی اس دعا میں شامل ہوں۔
کلپ میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ،‘دعا کی کہ ’لوگرو’ 100 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کی کمائے کرے، جس پر ہمایوں سعید نے بھی دعا میں شامل ہوکر کہا کہ ’ہاں، کم از کم 100 کروڑ کی دعا کریں!’۔
فلم سے متعلق بات کریں تویہ فلم 28 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ پر بنائی گئی ہے اور پاکستانی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم پروجیکٹ سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم، سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی اس دعا پر ملے جلے ردعمل دیکھنے کو ملے۔ کچھ صارفین نے مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ،’فلموں کے لیے دعا نہیں کی جاتی۔’
ایک اور صارف نے لکھا کہ،‘پاکستانیوں کی جہالت اپنی انتہا پر ہے!’
یہاں تک کہ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ،’ماہرہ کو چاہیےکہ مولانا طارق جمیل صاحب سے دعا کروائیں۔’
واضح رہے کہ اس فلم کے ہدایتکار ندیم بیگ ہیں جبکہ کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے۔ مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید شامل ہیں، جو فلم میں ایک خود ساختہ ‘لو گرو’ اور لندن میں رہنے والی آرکیٹیکٹ ‘صوفیہ’ کے درمیان ہونے والی دلچسپ کہانی بیان کریں گے۔
فلم کو اے آر وائے فلمز اور سِکس سگما پلس کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے جبکہ سلمان اقبال اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔ فلم کی شوٹنگ لندن اور کراچی میں کی گئی ہے۔