عید قربان کے قریب آتے ہی پیشہ ور قسائیوں نے وی آئی پی جانور کے ساتھ ساتھ عام جانور ذبح کرنے کےلیے بھی نرخ بڑھا دیے جبکہ اناڑی قسائی بھی میدان میں آگئے ہیں۔
شہریوں نے جانور تو خرید لیا اب ذبح کروانے کے لیے قسائی کی تلاش شروع کردی ہے۔ عید قربان کے تین دن قسائیوں نے ڈبل عید جمع کرنے کی ٹھان لی۔ پیشہ ور قسائیوں کے ساتھ ساتھ ٹولیوں کی شکل میں دور دراز علاقوں سے اناڑی قسائیوں نے بھی شہر میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
قسابوں نے لاہور میں پہلے دن بکرا ذبح کرنے کے 10 ہزار، گائے 18 ہزار اور دوسرے دن بکرے کے 6 ہزار جبکہ گائے ذبح کرنے کے 10 ہزار نرخ مقرر کیے ہیں۔
پیشہ ور قسائیوں کے نرخ دیکھ کر اناڑی قسائیوں نے بھی شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے کی ٹھان لی ہے اور آدھے پیسوں میں بڑا اور چھوٹا جانور ذبح کرنے کی بکنگ شروع کر رکھی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قسابوں کی جانب سے وی آئی پی جانوروں کی قربانی کےلیے منہ مانگی اجرت طلب کی جارہی ہے۔